آوارہ کتوں کی تلفی ،نس بندی پر فوری فیصلہ کرناہوگا،میئر
تعداد زیادہ، نس بندی سے مسئلے پر قابو پانے میں وقت لگے گا، مرتضیٰ وہاب سائٹ کیماڑی اربن فاریسٹ کا افتتاح ،سپریم کورٹ بار میں ووٹ کاسٹ کیا
کراچی (این این آئی،آئی این پی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سندھ ہائی کورٹ آمدپر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میئر نے کہا کہ بار ایسوسی ایشن نے ہمیشہ جمہوریت کے تحفظ، قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے ۔ سندھ ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر میں آوارہ کتوں کی تلفی اور نس بندی کے معاملے پر فوری فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات پر اعتراض نہیں کہ آوارہ کتوں کو مارنے کے بجائے ان کی نس بندی کی جائے ، تاہم شہر میں کتوں کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث صرف نس بندی کے ذریعے مسئلے پر قابو پانے میں وقت لگے گا۔انہوں نے ریبیز کے مریضوں کی ویڈیوز دیکھی ہیں اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سب کو اس تکلیف سے محفوظ رکھے ۔میئر نے کہا کہ شہریوں کو کتوں کے کاٹنے کے واقعات سے محفوظ رکھنے کیلئے اقدامات کرنا ان کی ذمہ داری ہے ، اس لیے آوارہ کتوں کے مسئلے پر فوری فیصلہ ضروری ہے ۔علاوہ ازیں میئرنے سائٹ کیماڑی اربن فاریسٹ کا افتتاح کردیا۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سائٹ کیماڑی اربن فاریسٹ کراچی کو سرسبز اور صحت مند بنانے کی جانب اہم قدم ہے ، شہر میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے اربن فاریسٹ اہم کردار ادا کریں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments