سکھر:بڑے ،چھوٹے گوشت کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

سکھر:بڑے ،چھوٹے گوشت کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

گائے کا گوشت 1400، بکرا2400، چکن 600روپے کلو فروخت ہونے لگاحکام سرکاری نرخ سے زائد قیمت وصول کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کریں، شہری

سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر شہر اور روہڑی سمیت گرد ونواح کے علاقوں میں بڑے اور چھوٹے گوشت کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا گیا، جبکہ قصابوں کی جانب سے من پسند نرخوں پر گوشت کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے ، جس کے باعث انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نرخ نامے غیر مؤثر ہوکر رہ گئے ہیں۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق سکھر اور روہڑی میں بھینس کا گوشت 800 سے 1000 روپے کلو، گائے کا 1200 ،جبکہ بغیر ہڈی گوشت 1400 روپے کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے ۔ اسی طرح چھوٹے گوشت (بکرے اور بھیڑ) کی قیمت 1900 سے 2400 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے ، جبکہ مرغی کا گوشت بھی 540 سے 600 روپے کلو فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں۔

مختلف دکانوں پر ہڈی اور بغیر ہڈی گوشت کے الگ الگ نرخ وصول کیے جا رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اشیائے خورونوش کی بڑھتی قیمتوں نے پہلے ہی گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کر رکھا ہے ، جبکہ گوشت کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عام اور متوسط طبقے کے لیے خریداری مشکل بنا دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متعدد قصاب سرکاری نرخ نامے کو نظرانداز کرتے ہوئے مرضی کے دام وصول کر رہے ہیں، لیکن متعلقہ حکام کی جانب سے کارروائی دیکھنے میں نہیں آ رہی۔ انہوں نے سندھ حکومت، کمشنر سکھر، ڈپٹی کمشنر اور پرائس کنٹرول حکام سے مطالبہ کیا کہ سرکاری نرخوں سے زائد قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف جرمانے اور قانونی کارروائی کی جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...