اندرون سندھ:دیوالی پر مندروں پر چراغاں ،خصوصی تقریبات

اندرون سندھ:دیوالی پر مندروں پر چراغاں ،خصوصی تقریبات

خصوصی پوجا کا اہتمام،مبارکباد دی، ہندو مسلم بھائی چارے کا خوبصورت مظاہرہملک کی سلامتی و خوشحالی،پاک فوج اور شہدا کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں

سکھر، میرپورخاص ،روہڑی، سانگھڑ (بیورو رپورٹ، نمائندگان دنیا)اندرون سندھ ہندو برادری دیوالی کا تہوار جوش و خروش کے ساتھ منانے میں مصروف ہے ۔ سکھر کے علاقے کٹی بازار میں قدیمی و تاریخی ناپر دربار مندر میں دیوالی تقریب منعقد ہوئی،جس میں خصوصی پوجا پاٹ کے موقع پر ملکی ترقی،خوشحالی اور استحکام کیلئے بھی دعا کی گئی۔ تقریب میں کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی ،ڈی آئی جی سکھر ریجن ناصر آفتاب پٹھان ودیگر اقلیتی برادری کی خوشیوں میں شامل ہوئے ۔ میرپورخاص میں مرکزی لال مندر میں دیوالی کی شب گھروں اور مندروں میں چراغاں کیا گیا، جہاں مرد و خواتین نے خصوصی پوجا پاٹ کی، جس میں ملکی سلامتی، امن اور خوشحالی کے لیے دعائیں اور پاک فوج اور شہدا کیلئے خصوصی دعا کرائی گئی۔

روہڑی اور گردونواح میں گھروں، دکانوں اور مندروں کو رنگ برنگی روشنیوں، برقی قمقموں اور چراغوں سے سجایا گیا، ہندو برادری نے ایک دوسرے کو مبارکباد، مٹھائی اور کیک کے تحائف پیش کئے ۔ سانگھڑ میں مسلم برادری نے بھی دیوالی کی خوشیوں میں شرکت کرکے ہندو مسلم بھائی چارے اور بین المذاہب ہم آہنگی کی خوبصورت مثال قائم کی۔ راجیش کمار ہرداسانی کی جانب سے منعقدہ خصوصی تقریب میں پیپلز پارٹی کے رہنما اعجاز احسن زرداری سمیت سیاسی، سماجی شخصیات اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اوستہ محمد کی ہندو برادری کی جانب سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلعی و بلدیاتی قیادت، انتظامیہ، قبائلی عمائدین اور ہندو کمیونٹی کے سرکردہ افراد نے شرکت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...