تھر سٹیزن فورم، بی آئی ایس پی کے تحت مالی امداد کا حکومتی فیصلہ مسترد
متاثرین کو مویشیوں کیلئے چارہ، آدھی قیمت پر گندم سمیت اشیا خورونوش فراہم کی جائیںامدادی مراکز قائم ،راشن کارڈ کے ذریعے ہنگامی بنیادوں پر ریلیف فراہم کیا جائے ،ردعمل
تھرپارکر (نمائندہ دنیا) تھر سٹیزن فورم نے خشک سالی سے متاثرہ افراد کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)کے تحت مالی امداد فراہم کرنے کے سندھ حکومت کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرین کو مویشیوں کے لیے چارہ، آدھی قیمت پر گندم سمیت اشیائے خورونوش فراہم کی جائیں، دیہہ وار امدادی مراکز قائم کرکے راشن کارڈ کے ذریعے ہنگامی بنیادوں پر ریلیف آپریشن شروع کیا جائے ، تھر کول کی اربوں روپے کی رائلٹی کی رقم خشک سالی کے مستقل حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خرچ کی جائے جبکہ تھر ڈراؤٹ میٹی گیشن پالیسی کے مسودے پر نظرثانی کرکے اسے سندھ اسمبلی سے منظور کرایا جائے۔
تھر سٹیزن فورم کے چیئرمین اوبھایو جونیجو، عظمیٰ ابڑو، اعجاز بجیر، ساجن چارو، قربان سموں، جی ایم سونہارائی و دیگر نے ہنگامی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تھرپارکر کی آبادی 18 لاکھ جبکہ خاندانوں کی تعداد ساڑھے تین لاکھ سے زائد ہے ، تاہم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے صرف ایک لاکھ 26 ہزار 44 خواتین کو امدادی رقم فراہم کی جاتی ہے ۔ تقریباً 150 ڈیوائس ہولڈرز فی خاتون ملنے والی رقم میں سے ایک ہزار سے دو ہزار روپے تک کٹوتی کرتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ 80 فیصد ڈیوائس ہولڈرز مقامی منتخب نمائندوں کے حمایت یافتہ افراد ہیں اور مبینہ کٹوتیوں کی رقم بالواسطہ طور پر ان کی جیبوں میں جاتی ہے ۔ نادرا کے پاس ہر خاندان کا ریکارڈ موجود ہے ، اس لیے خواتین کو امدادی رقم کے حصول کے لیے مشکلات اور تذلیل سے بچانے کی خاطر مردوں کو بینیفشری بنایا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments