تعلیمی نظام کو فکرِ اقبال کے سانچے میں ڈھالنے پر زور

تعلیمی نظام کو فکرِ اقبال کے سانچے میں ڈھالنے پر زور

اقبال کے یومِ ولادت پر قومی کانفرنس،نصاب میں فکری اصلاحات کا مطالبہنظام طلبہ میں تحقیق وتخلیقی سوچ پیدا کرنے میں کردار ادا نہیں کر رہا،مقررین

کراچی(این این آئی)مفکرِ پاکستان شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے 150ویں یومِ ولادت کے موقع پر قائداعظم اکادمی، قومی ورثہ و ثقافت ڈویڑن حکومت پاکستان، انجمن اساتذہ پاکستان اور قومی عجائب گھر پاکستان کے اشتراک سے قومی عجائب گھر کے آڈیٹوریم میں قومی تعلیمی فکرِ اقبال کانفرنس بعنوان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال اور ہمارا نظامِ تعلیم منعقد ہوئی۔کانفرنس کے مہمانانِ خصوصی بے نظیر بھٹو دیوان یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اورنگزیب خان اور ممتاز شخصیت حاجی محمد حنیف طیب تھے جبکہ صدارت ماہرِ اقبالیات پروفیسر خیال آفاقی نے کی۔ کانفرنس میں ملک بھر سے ماہرینِ تعلیم، دانشوروں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

قائداعظم اکادمی کے روحِ رواں زاہد حسین ابڑو نے ابتدائی کلمات میں کانفرنس کو اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ جدید دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعلیمی نظام کو فکرِ اقبال کے سانچے میں ڈھالنا ہوگا۔مقررین نے اپنے خطاب میں زور دیا کہ پاکستان کے موجودہ تعلیمی نظام کو نظریاتی اور عملی بحران سے نکالنے کے لیے علامہ اقبال کے تعلیمی تصورات کو نصاب کا حصہ بنانا ناگزیر ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقبال نے فکری غلامی اور اندھی تقلید کی ہمیشہ نفی کی جبکہ ہمارا تعلیمی نظام طلبہ میں تحقیق، تخلیق اور تنقیدی سوچ پیدا کرنے میں مطلوبہ کردار ادا نہیں کر رہا۔ اس نظام میں فکرِ اقبال کی روشنی میں اصلاحات کی ضرورت ہے ۔کانفرنس کے اختتام پر متفقہ اعلامیہ میں مطالبہ کیا گیا کہ پرائمری سے یونیورسٹی کی سطح تک نصابِ تعلیم میں فکرِ اقبال کو شامل کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...