برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ کے خلاف قانونی جنگ کی تیاری
علاقہ مکینوں نے بڑے پیمانے پر عوامی احتجاج کرنے کا عندیہ بھی دیا دوبارہ شاہراہ بند کرکے فوڈ اسٹریٹ بنانا توہینِ عدالت ہوگا، قانونی ماہرین
کراچی(این این آئی)برنس روڈ کے مکینوں نے علاقے کو دوبارہ فوڈ اسٹریٹ میں تبدیل کرنے کی کوششوں کے خلاف قانونی جنگ لڑنے کی تیاری شروع کردی ہے ، جبکہ بڑے پیمانے پر عوامی احتجاج کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق برنس روڈ پر فوڈ اسٹریٹ کے قیام کے نام پر شاہراہِ لیاقت اور برنس روڈ پر ٹریفک کی بندش اور گلیوں کو آمدورفت کے لیے محدود کرنے کے خلاف علاقے کے مکینوں نے پٹیشن نمبر 1029/2021 اور D-1093/2021 دائر کی تھیں۔ مکینوں کے مطابق سندھ ہائی کورٹ ان درخواستوں پر واضح فیصلہ دے چکی ہے کہ برنس روڈ سمیت سندھ بھر میں کسی بھی شاہراہ، گلی یا فٹ پاتھ کو ٹریفک اور عوام کی آمدورفت کے لیے بند نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی انہیں کاروباری مقاصد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے ۔مکینوں کا کہنا ہے کہ اب ایک بار پھر برنس روڈ کو فوڈ اسٹریٹ میں تبدیل کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔
اگر شاہراہ کو دوبارہ بند کرکے فوڈ اسٹریٹ بنانے کی کوشش کی گئی تو وہ عدالت سے رجوع کرنے کے ساتھ عوامی سطح پر احتجاج بھی کریں گے ۔دوسری جانب اس معاملے پر قانونی جنگ لڑنے والے پینل میں شامل وکلاء-04 کا کہنا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ برنس روڈ پر فوڈ اسٹریٹ بنانے کے خلاف فیصلہ دے چکی ہے ۔ اس کے باوجود اگر شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کرکے کاروباری مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا تو یہ عدالتی فیصلے کی صریح خلاف ورزی اور توہینِ عدالت کے زمرے میں آسکتا ہے ۔قانونی ماہرین نے مزید بتایا کہ 2016ء میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے تجاوزات کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے حکم دیا تھا کہ کسی بھی شاہراہ یا فٹ پاتھ کو کاروباری مقاصد کے لیے بند نہیں کیا جاسکتا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments