اقبال کے افکار اپنانا وقت کی ضرورت، سردار عبدالرحیم
اقبال کا فکر، فلسفہ اور شاعری آزادی کی جدوجہد میں مشعلِ راہ ثابت ہوئےنوجوان علم، محنت اور قومی ذمہ داریوں کو اپنا شعار بنائیں، مسلم لیگ فنکشنل
کراچی (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کا فکر، فلسفہ اور شاعری برصغیر کے مسلمانوں کی آزادی کی جدوجہد میں مشعلِ راہ ثابت ہوئے ۔ اقبال نے مسلمانوں میں خودی، خودداری، اتحاد، یقین اور عمل کا جذبہ بیدار کیا اور انہیں ایک آزاد وطن کا خواب دکھایا، جس کی تعبیر پاکستان کی صورت میں سامنے آئی۔یومِ اقبال کے موقع پر اپنے پیغام میں سردار عبدالرحیم نے کہا کہ علامہ اقبال صرف عظیم شاعر ہی نہیں بلکہ مفکر، فلسفی اور دور اندیش رہنما بھی تھے ۔ ان کی شاعری آج بھی نوجوان نسل کیلئے حوصلے ، امید اور عزم کا پیغام ہے ۔انہوں نے کہا کہ اقبال ایک ایسے آزاد، خودمختار اور خوشحال پاکستان کے خواہاں تھے جہاں انصاف، رواداری اور انسانی احترام کو بنیادی اہمیت حاصل ہو۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ اقبال کے افکار کو محض تقریبات اور تقاریر تک محدود رکھنے کے بجائے اپنی عملی زندگی کا حصہ بنایا جائے ۔سردار عبدالرحیم نے مزید کہا کہ ملک کو موجودہ مسائل سے نکالنے کیلئے نوجوان نسل کو اقبال کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے علم، شعور، محنت، اتحاد اور قومی ذمہ داریوں کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ پاکستان کو مضبوط، خوشحال اور مستحکم بنانے کیلئے اقبال کے فکر و فلسفے کو اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے نظریات کے مطابق متحد، مضبوط، خوشحال اور جمہوری پاکستان کے قیام کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments