ایس بی سی اے :گل پلازہ منہدم کرنے کیلئے بولیاں طلب

ایس بی سی اے :گل پلازہ منہدم کرنے کیلئے بولیاں طلب

ابتدائی قیمت 4کروڑ رکھی گئی ،بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 نومبر مقرراہل کمپنی کو 3ماہ میں کام کرنا ہوگا، ملنے والے سامان کا فیصلہ ڈی سی جنوبی کرینگے

کراچی (آئی این پی)سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے )نے رواں سال جنوری میں آتشزدگی کے باعث تباہ ہونے والے کراچی کے تجارتی مرکز گل پلازہ کو منہدم کرنے کے لیے مختلف کمپنیوں سے بولیاں طلب کرلی ہیں۔ اس آتشزدگی کے نتیجے میں 72 افراد جاں بحق ہوئے تھے ۔اتھارٹی کی جانب سے جاری اشتہار کے مطابق بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 نومبر مقرر کی گئی ہے ، جبکہ اس کام کی ابتدائی قیمت 4 کروڑ روپے رکھی گئی ہے ۔ کمپنیوں سے تکنیکی اور مالی تجاویز الگ الگ طلب کی گئی ہیں اور انہدام کا کام ایس بی سی اے کی نگرانی میں ہوگا۔

ایس بی سی اے کے ڈائریکٹر ڈیمولیشن کے مطابق ٹھیکا صرف سب سے زیادہ بولی دینے والی کمپنی کو نہیں دیا جائے گا، بلکہ ان کمپنیوں کو ترجیح دی جائے گی جنہیں کم از کم 20 عمارتیں منہدم کرنے کا تجربہ ہو۔منتخب کمپنی کو تین ماہ کے اندر عمارت گرانے کا کام مکمل کرنا ہوگا۔ معاہدے کے تحت کمپنی عمارت کا ملبہ اور اسکریپ اپنے پاس رکھ سکے گی، تاہم ملبے سے ملنے والی دکانداروں کی اشیا کی تقسیم کا فیصلہ ڈپٹی کمشنر کراچی جنوبی کریں گے ۔گل پلازہ میں 17 جنوری 2026 کی شب آگ لگی تھی۔ ایم اے جناح روڈ پر واقع یہ 8 ہزار 128 مربع گز پر پھیلا ہوا تجارتی مرکز کئی دہائیوں سے کاروباری سرگرمیوں کا اہم مرکز تھا۔ آتشزدگی کے نتیجے میں ایک ہزار 153 سے زائد دکانیں تباہ ہوگئیں۔ جبکہ آگ بجھانے میں کئی روز لگے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...