کندھکوٹ میں نوجوان قتل، دیگر شہروں میں حادثات، 2ہلاک
تھانہ سی سیکشن کندھکوٹ کی حدود میں عمران دشمنی پرنشانہ بنا، لاش اسپتال منتقلمٹھی بائی پاس پرڈمپر الٹنے سے لیکچرر، محراب پور میں لڑکی چل بسی، متعدد زخمی
اندرون سندھ (نمائندگان)کندھکوٹ میں نوجوان کو قتل کردیا گیا، جبکہ دیگر شہروں میں حادثات نے 2 جانیں لے لیں، متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔ کندھ کوٹ کے گاؤں عبد الخالق بھنگوار میں بھنگوار قبیلے کے فریقین میں فائرنگ سے نوجوان عمران علی موقع پر جاں بحق ہوگیا، پولیس نے نوجوان کی لاش اسپتال سے ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔ مٹھی بائی پاس پر تیز رفتار ڈمپر موٹرسائیکل کو بچاتے الٹ گیا۔جس سے این ای ڈی یونیورسٹی مٹھی کا لیکچرر انیل کمار مہاراج کچل کر ہلاک ہوگیا۔ایس ایچ او پیتامبر شرما نے بتایا کہ بائی پاس پر حادثے میں نوجوان انیل کمار کی لاش مکمل مسخ ہوگئی، پولیس نے ریسکیو عملے کے تعاون سے دو گھنٹے کی کوششوں سے بند سڑک کھول دی۔
محراب پور کے قریب قومی شاہراہ پر ارسلان پٹرول پمپ کے پاس رکشہ الٹ گیا،پولیس کے مطابق اس حادثے میں 9 سالہ راحیلہ چنہ جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیاگیا، قومی شاہراہ پر ہی ایک اور حادثے میں 2 موٹر سائیکل سوار زخمی ہوگئے ۔ ادھر بھریا روڈ ریلوے اسٹیشن پر لاہور سے کراچی جانیوالی 34 ڈاؤن پاک بزنس ایکسپریس سے جیزاللہ ولد محمد علی نامی مسافر گر کر زخمی ہوگیا، ریلوے ذرائع کے مطابق زخمی مسافر کو اسپتال منتقل کر دیا گیا، جس کا دادو سے تعلق ہے۔ لاڑکانہ میں انڈس ہائی وے پر تیز رفتار کار درخت سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں کار میں سوار تین افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments