بزنس روڈ فوڈاسٹریٹ بنانے کا منصوبہ
25کروڑ کا تخمینہ،میئر کی منصوبہ رمضان سے پہلے مکمل اور فعال بنانے کی ہدایت، پیدل چلنے والوں کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں گیسندھی مسلم کے بعد برنس روڈ کے رہائشیوں کو بھی اذیت میں مبتلا کیا جائے گا،پیپلزپارٹی صرف دھندوں پر لگی ہوئی ہے ، سیف الدین ایڈووکیٹ
کراچی(اسٹاف رپورٹر،این این آئی)بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر کی تاریخی اور معروف برنس روڈ کو جدید اور خوبصورت فوڈ اسٹریٹ میں تبدیل کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے ، جس پر تقریباً 25 کروڑ روپے لاگت آنے کا تخمینہ ہے ۔منصوبے کے تحت برنس روڈ کی جامع تزئین و آرائش، تعمیر و ترقی اور شہری سہولیات کو بہتر بنایا جائے گا، جبکہ پیدل چلنے والوں کے لیے سازگار ماحول، واکنگ اسپیس اور گاڑیوں کی آمدورفت محدود کرنے کے لیے مخصوص اوقات مقرر کیے جائیں گے ۔منصوبے کی لاگت کی منظوری 20 نومبر کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کی سٹی کونسل کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔
منظوری کے بعد متعلقہ محکمے ترقیاتی کاموں کے آغاز کے لیے اقدامات کریں گے ۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے محکمہ انجینئرنگ کو ہدایت کی ہے کہ منصوبے کے انتظامی، تکنیکی اور دفتری مراحل تیزی سے مکمل کیے جائیں اور فوڈ اسٹریٹ کو رمضان المبارک کے آغاز سے قبل فعال بنایا جائے۔مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ برنس روڈ کراچی کی ثقافتی، سماجی اور روایتی کھانوں کی شناخت کا اہم حصہ ہے۔ اسے جدید فوڈ اسٹریٹ میں تبدیل کرنے سے شہریوں کو تفریح اور کھانے پینے کے لیے بہتر ماحول میسر آئے گا، جبکہ علاقے کی تاریخی اور روایتی شناخت بھی برقرار رکھی جائے گی۔منصوبے کی تیاری کے سلسلے میں ٹاؤن میونسپل کارپوریشن صدر نے مقامی تاجروں، کاروباری شخصیات، رہائشیوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت بھی شروع کردی ہے تاکہ ان کی تجاویز کی روشنی میں بہتر انتظامات کیے جاسکیں۔
دوسری جانب اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈووکیٹ نے برنس روڈ کو بھی فوڈ اسٹریٹ میں تبدیل کرنے کے حوالے سے میئر کراچی کے بیان پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ سندھی مسلم کے بعد برنس روڈ کے رہائشیوں کو بھی اذیت میں مبتلا کیا جائے گا،برنس روڈ اور سندھی مسلم فوڈ واک کے نام پر کمرشلائزیشن کر کے رہائشیوں کی مشکلات میں اضافہ کیا جارہا ہے ،برنس روڈ کو بند کرنے کے خلاف گزشتہ سال بھی سندھ ہائیکورٹ نے فیصلہ دیا تھا،اس کے باوجود قابض میئر جو کرنے جا رہے ہیں وہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے ، 25 کروڑ کے فنڈز تباہ حال انفراسٹرکچر پر خرچ کیے جائیں، پہلے ہی تعمیرشدہ سڑکوں کو اکھاڑ کر پیور بلاک لگانا کہاں کی عقلمندی ہے ،پیپلزپارٹی صرف دھندوں پر لگی ہوئی ہے ، برنس روڈ اور سندھی مسلم پر باقاعدہ ٹھیلے فروخت کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments