سیف سٹی کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے کی تیاری
ضیاء الحسن لنجار کی زیر صدارت اجلاس، پہلے مرحلے کی تکمیل پر بریفنگ وزیرداخلہ کی سافٹ ویئر کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کی ہدایت
کراچی(اسٹاف رپورٹر،این این آئی) صوبائی وزیر داخلہ و قانون ضیاء الحسن لنجار کی زیر صدارت کراچی سیف سٹی منصوبے کے اقدامات اور پیش رفت سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں جیریز انفارمیشن ٹیکنالوجی کے پانچ رکنی وفد سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں منصوبے کے مختلف پہلوؤں، تکنیکی تقاضوں اور عملی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔اس موقع پر وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ کراچی سیف سٹی منصوبہ اب دوسرے مرحلے میں داخل ہونے جا رہا ہے ، جس کے تمام امور اور اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے جلد ایک اور اجلاس طلب کیا جائے گا۔انہوں نے جیریز انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ سیف سٹی منصوبے سے متعلق اپنی تمام ذمہ داریاں پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دیں اور منصوبے کے سافٹ ویئر کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کو محفوظ شہر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ سیف سٹی منصوبہ شہریوں کے تحفظ، جرائم کی روک تھام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ جدید نگرانی کے نظام اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے شہری تحفظ کے نظام کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل اور جدید ذرائع بروئے کار لانے کے لیے پْرعزم ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments