گورنر ، آسٹرین سفیر ملاقات، تجارت بڑھانے پر اتفاق

گورنر ، آسٹرین سفیر ملاقات، تجارت بڑھانے پر اتفاق

قابلِ تجدید توانائی اور صنعتی شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال دونوں جانب سے پاک آسٹریا جوائنٹ کمیٹی کو مزید فعال بنانے پر اتفاق

کراچی(این این آئی)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے آسٹریا کے سفیر وولف گینگ اولیور کْوچرا نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور آسٹریا کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں آسٹریا کے اعزازی قونصل جنرل ڈاکٹر حسین اسلام اور گورنر سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر سید سیف الرحمان بھی موجود تھے ۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریا کے درمیان دیرینہ دوستانہ اور سفارتی تعلقات قائم ہیں، جنہیں مضبوط تجارتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات و درآمدات میں اضافے ، مشترکہ سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صنعتی تعاون کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھایا جا سکتا ہے ۔انہوں نے قابلِ تجدید توانائی، ہائیڈرو پاور، انفراسٹرکچر، فارماسیوٹیکل، ٹیکسٹائل اور صنعتی مشینری کے شعبوں میں آسٹریا کی مہارت سے استفادہ کرنے پر زور دیا۔دونوں جانب سے پاک آسٹریا جوائنٹ کمیٹی کو مزید فعال بنانے پر اتفاق کیا گیا تاکہ کاروباری اداروں، سرمایہ کاروں اور تجارتی تنظیموں کے درمیان براہِ راست روابط بڑھائے جا سکیں اور تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کیے جا سکیں۔آسٹریا کے سفیر نے کہا کہ آسٹرین سرمایہ کار پاکستان کی مارکیٹ میں مزید سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔گورنر نے امید ظاہر کی کہ  مشترکہ کوششیں دوطرفہ تجارت کے فروغ اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...