ٹھنڈی ہوائیں اثرانداز ہونا شروع ،خنکی بڑھ گئی
گزشتہ روزدرجہ حرارت 5ڈگری کمی سے 18ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈہوا نومبر سے فروری تک سردی کے معتدل اسپلیز متوقع ہیں،محکمہ موسمیات
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد میں بلوچستان کی جانب سے ٹھنڈی ہوائیں اثرانداز ہونا شروع ہوگئی ہیں، رات اور صبح کے اوقات میں خنکی بڑھ گئی ہے اور بدھ کو کم سے کم پارہ گزشتہ روزکے مقابلے میں 5 ڈگری کم ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں موسم سرما کے اثرات نمودار ہونا شروع ہوگئے ہیں اور رات وصبح کے اوقات میں خنکی میں اضافہ ہوا، پیر کو صبح کم سے کم درجہ حرارت گزشتہ روز کے مقابلے میں 5 ڈگری کمی سے 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات انجم نذیر ضیغم کے مطابق موجودہ جزوی سردی کی لہر 2 تا 3 دن جاری رہ سکتی ہے ، جس کے بعد درجہ حرارت دوبارہ معمول پر آجائیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ موسم سرما کے دورانیے (نومبر تا فروری) میں کراچی میں سردی کے معتدل اسپلیز متوقع ہیں، جس کے دوران بارش کا امکان بھی رہے گا۔واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے مغربی سسٹم کے نتیجے میں شہر کا موسم خنک، سرد ہونے کی پیش گوئی کی تھی۔کراچی میں آئندہ24گھنٹوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں کمی متوقع نہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments