وزیر تعلیم کا سندس فاؤنڈیشن کادورہ ، بچوں سے ملے
قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور نواز شریف کی سالگرہ منائی ، کیک کاٹا گیا
لاہور(خبر نگار)ایک طرف کرسمس کی خوشیاں، تو دوسری جانب قائد اعظم محمد علی جناح اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی سالگرہ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے سندس فاؤنڈیشن میں بچوں کے ساتھ مل کر یہ خوشیاں منائیں اور یکجہتی، رواداری اور بھائی چارے کا پیغام دیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے سندس فاؤنڈیشن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بچوں کے ساتھ کرسمس اور قائد اعظم محمد علی جناح اور میاں نواز شریف کی سالگرہ منائی۔ اس موقع پر کیک کاٹا گیا اور بچوں میں خوشیاں بانٹی گئیں۔رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ سکولوں میں چھٹیوں کے باعث بچوں کے ساتھ خوشیاں منانے کا بہترین موقع ہے اور ایسے لمحات بچوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرتے ہیں۔آج کرسمس بھی ہے ، قائد اعظم اور میاں نواز شریف کی سالگرہ بھی ہے ۔ ہم نے بچوں کے ساتھ مل کر یہ خوشیاں منائیں۔ تقریب میں چیئرمین ٹاسک فورس برائے امتحانات مزمل محمود، ایم پی اے اسامہ، سربراہ سندس فاؤنڈیشن محمد یاسین اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر وزیر تعلیم نے بچوں کے ہمراہ کرسمس، قائد اعظم اور میاں نواز شریف کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔