کرسمس پر گرجا گھروں کو فول پروف سکیورٹی فراہم
تقریبات بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور مکمل یکجہتی کی عکاس :ایس پی صدر
لاہور (کرائم رپورٹر)گرین ٹاؤن کیر کلا مریم پارک چرچ میں کرسمس کی خوشیوں کے سلسلے میں کیک کٹنگ کی خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں ایس پی صدر رانا حسین طاہر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ترجمان پولیس کے مطابق کرسمس کی آمد کے موقع پر منعقدہ اس تقریب میں مسیحی برادری کے افراد نے بھرپور شرکت کی ۔اس موقع پر ایس پی صدر رانا حسین طاہر نے مسیحی برادری کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا۔تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے ایس پی صدر رانا حسین طاہر نے کہا کہ پاکستان میں بلا تفریق رنگ، نسل اور مذہب تمام شہریوں کو مکمل آزادی حاصل ہے ۔ کرسمس کے حوالے سے منعقد کی جانے والی یہ تقریبات بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور مکمل یکجہتی کی عکاس ہیں۔ کرسمس کے موقع پر تمام تقریبات اور گرجا گھروں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ مسیحی برادری اپنی مذہبی خوشیاں پُرامن ماحول میں منا سکے ۔ مسیحی برادری نے سکیورٹی انتظامات اور تعاون پر پولیس کا شکریہ ادا کیا۔