جوہرٹائون:نئی سیوریج لائن کا منصوبہ ڈیڈ لائن کے باوجود ادھورا
للہ ہو گول چکر اور شوق چوک کے اطراف کھدائی پر حفاظتی شیٹس نصب نہیں کی گئیں
لاہور (شیخ زین العابدین)لاہور کے پوش علاقے جوہر ٹاؤن کی خیابانِ فردوسی میں سیوریج لائن ڈالنے اور ترقی کا وعدہ تاخیر کی نذر ہو گیا، سیوریج لائن کا منصوبہ ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود تاحال ادھورا ہے ۔ منصوبے پر تعمیراتی کام کرتے ہوئے حفاظتی تدابیر کو نظر انداز اور درخت بھی کاٹے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔تفصیلات کے مطابق خیابانِ فردوسی پر پرانی اور خستہ حال سیوریج لائن میں پڑنے والے خطرناک شگاف کے بعد نئی سیوریج لائن بچھانے کا کام شروع کیا گیا۔حکام نے اعلان کیا کہ منصوبہ وقت سے پہلے مکمل کیا جائے گا اور دس دسمبر دو ہزار پچیس کی حتمی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی، تاہم یہ وعدہ عملی شکل اختیار نہ کر سکا۔ذرائع کے مطابق منصوبہ مقررہ وقت سے تجاوز کر چکا ہے جبکہ زمینی سطح پر کام کی رفتار سست روی کا شکار ہے ۔ اللہ ہو گول چکر اور شوق چوک کے اطراف جاری کھدائی پر حفاظتی شیٹس نصب نہیں کی گئیں، جس کے باعث کھلے گڑھے شہریوں کے لیے مسلسل خطرہ بنے ہوئے ہیں۔سموگ کے پیشِ نظر جاری حکومتی ہدایات کے باوجود تعمیراتی مقامات پر پانی کے چھڑکاؤ کا عمل نظر نہیں آ رہا، جس سے فضائی آلودگی میں اضافے کا خدشہ بڑھ گیا ہے ۔