گجر پورہ میں ہنی ٹریپ، دو خواتین سمیت تین گرفتار
ویڈیو بنانے اور وائرل کرنے کی دھمکی دے کر رقم اور موبائل چھین لیا
لاہور(آن لائن)لاہور کے علاقے گجر پورہ میں ہنی ٹریپ کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا، جہاں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دو خواتین سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق مقدمہ شہری سید محمود الحسن کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے ۔ایک خاتون نے فون کال کے ذریعے شہری سے رابطہ کیا اور ملاقات کے لیے بلایا۔ ملاقات کے بعد خاتون شہری کو ضروری بات چیت کے بہانے ایک گھر لے گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ گھر پہنچتے ہی خاتون نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر شہری کو کمرے میں بند کر دیا، جہاں نازیبا حرکات کی گئیں جبکہ ساتھی ملزمان ویڈیو بناتے رہے ۔ بعد ازاں ملزمان نے شہری سے 75 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون چھین لیا اور کسی کو اطلاع دینے یا قانونی کارروائی کی صورت میں ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکیاں دیں۔متاثرہ شہری کی درخواست پر فوری مقدمہ درج کر کے کارروائی عمل میں لائی گئی۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں راحت، بینش اور اقرا شامل ہیں ۔