سکولوں کی چار دیواری کیساتھ ریڑھیاں لگانے پر پابندی
ریڑھی نظر آئی تو مکمل ذمہ داری متعلقہ سکول سربراہ پر عائد ہو گی:اتھارٹی
لاہور(خبر نگار)سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر لاہور میں سکولوں کی چار دیواری کے ساتھ ریڑھیاں لگانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے اس حوالے سے تمام سکول سربراہان کو واضح اور سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سکول کی چار دیواری کے ساتھ کسی بھی قسم کی ریڑھی، چاہے وہ پھل، سبزی یا کسی اور کاروبار سے متعلق ہو، لگانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ سکول سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اتھارٹی کو آگاہ کریں۔اتھارٹی کے مطابق اگر ریڑھی بان ریڑھی ہٹانے سے انکار کرے تو زونل ہیڈز متعلقہ تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنر کو تحریری طور پر آگاہ کریں گے تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے ۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے واضح کیا ہے کہ مانیٹرنگ کے دوران اگر کسی سکول کی چار دیواری کے ساتھ ریڑھی نظر آئی تو اس کی مکمل ذمہ داری متعلقہ سکول سربراہ پر عائد ہو گی، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں سکول سربراہان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔