ایجوکیشن اتھارٹی میں سنگین مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف
کروڑوں کے فنڈز قواعد و ضوابط کے خلاف خرچ ،درجنوں آڈٹ اعتراضات
لاہور(عاطف پرویز سے )لاہور کی ایجوکیشن اتھارٹی میں سنگین مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہواہے ۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق کروڑوں روپے کے فنڈز قواعد و ضوابط کے خلاف خرچ کیے گئے ، جبکہ درجنوں آڈٹ اعتراضات تاحال حل نہیں ہو سکے ۔ آڈٹ رپورٹ نے ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اتھارٹی میں مجموعی طور پر 260 ملین روپے کی مالی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں۔اتھارٹی کی تحویل میں قائم مدارس میں طلبہ کو کھانا فراہم کرنے کے عمل میں 69 ملین روپے کی بے قاعدگیاں ریکارڈ کی گئیں، جبکہ فروغِ تعلیم کے لیے مختص 24 ملین روپے قواعد و ضوابط کے برعکس خرچ کیے گئے ۔آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ سٹاف کو دیے جانے والے الاؤنسز میں بھی شفافیت کا فقدان رہا، جہاں 58ملین روپے کی مبینہ ہیرا پھیری سامنے آئی۔حیران کن طور پر گزشتہ مالی سالوں کے 63 آڈٹ پیراز تاحال نمٹائے نہیں جا سکے ، جو مالی نظم و ضبط پر سوالیہ نشان ہے ۔