دستک ایپ کو ای بز پورٹل کیساتھ منسلک کرنیکا فیصلہ
نقشوں بارے درخواستوں کو بھی ای بز پورٹل پر منتقل کیے جانے کا امکان
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )پنجاب حکومت نے ای گورننس کے فروغ اور شہری سہولتوں کو مؤثر بنانے کے لیے ای بز پورٹل کے دائرہ اختیار کو نمایاں طور پر بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔اس فیصلے کے تحت لاہور سمیت پنجاب کے وہ تمام سرکاری ادارے جو شہریوں کو مختلف نوعیت کی سروسز فراہم کرتے ہیں، اپنی سروسز ای بز پورٹل پر منتقل کریں گے ، جس کے بعد شہریوں کو مختلف دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔حکومتی منصوبے کے مطابق شہریوں کو فراہم کی جانے والی تمام سرکاری سروسز کو ایک ہی ڈیجیٹل پورٹل پر دستیاب کیا جائے گا تاکہ درخواستوں کے اندراج، پراسیسنگ اور منظوری کے مراحل کو شفاف اور تیز بنایا جا سکے ۔اسی تناظر میں پنجاب حکومت نے مریم کی دستک ایپ کو بھی ای بز پورٹل کے ساتھ منسلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔اب مریم کی دستک ایپ پر درج کی جانے والی شکایات اور درخواستیں ای بز پورٹل پر بھی جمع ہو سکیں گی، جس کے نتیجے میں شکایات کے اندراج اور ان کی مانیٹرنگ کے لیے ایک مرکزی نظام تشکیل دیا جا رہا ہے ۔