لاہور کے پلازوں کا 3سال سے کوئی فائر سیفٹی معائنہ نہ ہوا
237سے زائد پلازوں میں فائر ہائی ڈرینٹ سسٹم غیر فعال،حادثے کاخدشہ
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور کی مرکزی شاہراہوں پر واقع کمرشل پلازوں میں آگ سے بچاؤ کے انتظامات کی تین سال سے جانچ نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے ، ذرائع کے مطابق گزشتہ تین سالوں کے دوران ایل ڈی اے کی جانب سے کسی ایک بھی پلازے کا فائر سیفٹی معائنہ نہیں کیا گیا۔ مین بلیووارڈ گلبرگ پر آخری بار ایل ڈی اے ٹیموں نے تین سال قبل وزٹ کیا تھا، جبکہ 2022 کے بعد کسی بھی پلازے کو فائر فائٹنگ سسٹم کی چیکنگ پر نوٹس جاری نہیں کیا گیا۔یہ بھی سامنے آیا ہے کہ شعبہ ٹاؤن پلاننگ نے ملٹی سٹوری عمارتوں کی تعمیر کے دوران بھی فائر سیفٹی نظام کا عملی جائزہ نہیں لیا۔ گلبرگ، اقبال ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن اور جوہر ٹاؤن میں 237 سے زائد پلازوں میں فائر ہائی ڈرینٹ سسٹم غیر فعال پایا گیا، جو کسی بھی بڑے حادثے کی صورت میں سنگین نتائج کا باعث بن سکتا ہے ۔پنجاب حکومت نے اس صورتحال کے پیش نظر سول ڈیفنس، ریسکیو اور ایل ڈی اے افسروں پر مشتمل ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی تھی، تاہم کمیٹی کے قیام کے باوجود مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہو سکے ۔