بجلی ترسیل،تقسیم کے موثر نظام کیلئے پاکٹ بک متعارف
لیسکوعملہ کو پاکٹ بکس فراہم ، ہیڈ کوارٹرز میں افادیت ،استعمال پرتقریب
لاہور(اپنے کامر س رپورٹر سے )لیسکو نے بجلی ترسیل و تقسیم کا نظام مؤثر بنانے کیلئے پاکٹ بک متعارف کروا دی ،فیلڈ افسروں وعملے کو پاکٹ بکس فراہم کردی گئیں جن میں پاور ڈسٹری بیوشن سسٹم، کنسٹرکشن ڈرائنگز اور جامع تکنیکی ڈیٹا موجود ہے ۔ لیسکو ہیڈ کوارٹرز میں پاکٹ بک کی افادیت اور استعمال پرتقریب ہوئی، تمام شعبہ سربراہان، سرکلز کے سپرنٹنڈنگ انجینئر زنے شرکت کی۔لیسکو چیف انجینئر رمضان بٹ نے عملے کو پاکٹ بکس تقسیم کیں اور کہا کہ پاکٹ بک سے ہر شعبے کا سٹاف اور افسر تکنیکی معاملات پر رہنمائی لے سکتاہے ۔ لیسکو میں فیلڈ آپریشنز کو معیاری بنانے کیلئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔لیسکو چیف نے پاور ڈسٹری بیوشن سسٹم پر پاکٹ بک کی تیاری پر چیئرمین بورڈ عامر ضیااور بورڈ ممبرز کے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکٹ بک فیلڈ اور تکنیکی امور میں یکساں معیار درست رہنمائی اور محفوظ تعمیراتی طریقہ کار کو یقینی بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔