سیلز ٹیکس آن سروسز (ترمیمی) ایکٹ قائمہ کمیٹی کے حوالے

سیلز ٹیکس آن سروسز (ترمیمی) ایکٹ قائمہ کمیٹی کے حوالے

اسسٹنٹ کمشنرز کے متعدد اختیارات انفورسمنٹ آفیسر کو منتقل کرنے کی تجویز

لاہور(حمزہ خورشید سے )پنجاب اسمبلی میں پنجاب سیلز ٹیکس آن سروسز (ترمیمی) ایکٹ 2026 کو قائمہ کمیٹی برائے لوکل گورنمنٹ کے حوالے کر دیا گیا ہے جس کے تحت پنجاب ریونیو اتھارٹی کے اختیارات میں توسیع اور اسسٹنٹ کمشنرز کے متعدد اختیارات انفورسمنٹ آفیسر کو منتقل کرنے کی تجویز دی گئی ہے ، مسودہ قانون کے مطابق پنجاب سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ 2012 میں ترامیم کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کا جانچ پڑتال کا اختیار انفورسمنٹ آفیسر کو تفویض کیا جائے گا جبکہ قانونی کارروائی، فیصلوں، جرمانوں اور ریکوری سے متعلق اختیارات بھی اسسٹنٹ کمشنر کی جگہ انفورسمنٹ آفیسر کو منتقل ہوں گے ، مزید برآں ٹیکس نفاذ اور آڈٹ کے اختیارات بھی انفورسمنٹ آفیسر کے سپرد کرنے کی تجویز شامل ہے ، مجوزہ ترامیم کے تحت پنجاب ریونیو اتھارٹی کو حکومت کی پیشگی اجازت کے بغیر قواعد و ضوابط بنانے کا اختیار دینے اور ریگولیشنز کے ذریعے وہسل بلوور ریوارڈ سسٹم متعارف کرانے کی شق بھی شامل کی گئی ہے ، بل گزشتہ اجلاس میں پیش کیا گیا تھا اور کمیٹی سے منظوری کے بعد اسے ایوان سے منظور کرایا جائیگا جبکہ حتمی منظوری گورنر پنجاب دینگے ، حکومتی مؤقف کے مطابق ترمیمی بل انتظامی کارکردگی بہتر بنانے اور فوری کارروائی کیلئے پیش کیا گیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں