سیوریج اپ گریڈیشن ،15اپریل تک ڈیزائننگ کی ہدایت
منصوبوں کومون سون سے قبل ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیاجائے :سیکرٹری ہاؤسنگ
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )صوبے میں سیوریج انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے جاری ترقیاتی سرگرمیوں کو حتمی مرحلے میں داخل کرنے کی تیاریاں تیز، پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت صوبے کے مختلف اضلاع میں سیوریج نظام کی اپ گریڈیشن کیلئے ڈیزائننگ کے عمل کو وقت پر مکمل کرنے کیلئے ڈیڈ لائن مقرر کر دی گئی ۔سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے نیسپاک حکام کو ہدایت کی ہے کہ تمام ڈیزائن 15اپریل تک ہر صورت مکمل کیے جائیں تاکہ عملی کام بلا تاخیر شروع کیا جا سکے ۔ اجلاس میں نیسپاک حکام نے جاری منصوبوں بارے بریفنگ میں بتایا کہ ادارہ اس وقت بارہ اضلاع میں سیوریج انفراسٹرکچر کے ڈیزائن پر کام کر رہا ہے ۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے ہدایت کی کہ ٹیموں کی رفتار بڑھائی جائے اور کام کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ سیکرٹری ہاؤسنگ کا کہنا تھا کہ مون سون سے قبل منصوبوں کی تکمیل کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ شہری علاقوں میں بارشوں پر نکاسی آب مسائل کو مؤثر انداز میں حل کیا جا سکے ۔