مسنگ لنکس کی تعمیر کا معاملہ 10برس سے تعطل کا شکار

 مسنگ لنکس کی تعمیر کا معاملہ 10برس سے تعطل کا شکار

شہر کے اہم علاقوں کو ملانیوالی سڑکوں پرمتعددبار تعمیرکے اعلان پر عمل نہ ہوسکا

لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور میں شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کے دعوے اپنی جگہ مگر سٹرکچر پلان روڈز کے مسنگ لنکس کی تعمیر کا معاملہ10برس سے تعطل کا شکار ہے ۔ شہر کے اہم علاقوں کو ملانے والی یہ سڑکیں نا صرف منصوبہ بندی کا حصہ رہیں بلکہ متعدد بار انکی تعمیر کے اعلانات بھی کیے گئے تاہم عملی پیشرفت سست روی کا شکار رہی۔ذرائع کے مطابق سٹرکچر پلان روڈز کی تعمیر بارے متعلقہ ادارے طویل عرصے تک تذبذب کا شکار رہے جس سے منصوبے تاخیر کا شکار ہوتے چلے گئے ۔ خاص طور پر خیرا ڈسٹری بیوٹری سے ہائیکورٹ سوسائٹی تک مسنگ لنکس کی تعمیر اور مرمت کا کام بھی عرصہ دراز سے التوا میں پڑا رہا۔ایل ڈی اے شعبہ انجینئرنگ نے ان مسنگ لنکس کی تعمیر کیلئے 78کروڑ 78 لاکھ کا تخمینہ لگایا اور بعد ازاں انکی تعمیر کیلئے ٹینڈر بھی ایوارڈ کیا گیا مگرعملاً پیشرفت نہ ہو سکی۔خیرا ڈسٹری بیوٹری سے ویلنشیا ٹائون تک سٹرکچر پلان روڈ کی حالت انتہائی خراب ہے جہاں بیشتر مقامات پر سڑک کا وجود ہی مٹ چکا ہے ۔ شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ،گرد و غبار اور ٹوٹ پھوٹ نے علاقے کو مسائل کا گڑھ بنا دیا ہے ۔اسی طرح خیرا ڈسٹری بیوٹری تہیاتے چوک سے ہائیکورٹ سوسائٹی تک ڈبل روڈ کی تعمیر بھی تاحال شروع نہ ہو سکی جس سے ٹریفک کا دباؤ بڑھنے سے متبادل راستوں پر بوجھ میں اضافہ ہو رہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں