تاخیرکاشکار لاہور کا ماسٹر پلان منصوبہ حتمی مرحلے میں داخل
ایل ڈی اے نے کم مدت ولاگت کے ساتھ نئی ٹائم لائن کو حتمی شکل دیدی
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور کے ماسٹر پلان 2050 میں بڑی پیشرفت سامنے آ گئی ، تاخیر کا شکار منصوبہ اَب حتمی مرحلے میں داخل ہو گیا ۔ ایل ڈی اے نے کم مدت اور کم لاگت کے ساتھ نئی ٹائم لائن کو حتمی شکل دے دی ۔عدالتی دباؤ اور شہری ضروریات کے پیش نظر ماسٹر پلان پر کام تیز کر دیا گیا ۔منصوبے کی حتمی منظوری اور تکمیل کیلئے تمام اہم ڈیڈ لائنز بھی طے کر دی گئیں۔دستاویزات کے مطابق نظرثانی شدہ شیڈول کے تحت منصوبے کے تمام مراحل کو واضح ٹائم لائن میں ترتیب دیا گیا ہے ۔منصوبے کا آغاز 3 مارچ کو کرکے 13 مارچ تک ابتدائی ڈیٹا اکٹھا کرنے کا عمل مکمل کر لیا گیا۔ اسکے بعد پانچویں مرحلے اور ماحولیاتی اثرات کے جائزے کیلئے 29 مئی کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ۔ آبادی کے پھیلاؤ، ماحولیاتی صورتحال اور نئے منصوبوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع تجزیہ کیا جا رہا ہے جبکہ راوی سے جڑے بڑے اربن ڈویلپمنٹ منصوبوں کو بھی ماسٹر پلان کا حصہ بنایا جا رہا ہے ۔عوامی شمولیت یقینی بنانے کیلئے 5 سے 9 جون کے دوران عوامی سماعتیں ہونگی۔ آخری مرحلے میں 30 جون کو ایل ڈی اے کی ریویو کمیٹی اور اتھارٹی اجلاس میں ماسٹر پلان کو منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔