سرکاری کالجز میں بھی ریشنلائزیشن شروع کرنے کا فیصلہ

 سرکاری کالجز میں بھی ریشنلائزیشن شروع کرنے کا فیصلہ

محکمہ ہائر ایجوکیشن نے اضافی عملہ کم سٹاف والے اداروں میں بھجوانے کاکام تیز کردیا

لاہور(خبر نگار )صوبے کے سکولوں کے بعد اب سرکاری کالجز میں بھی ریشنلائزیشن کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن نے کالجز میں موجود اضافی تدریسی عملے کو سٹاف کی کمی والے اداروں میں منتقل کرنے کی پالیسی پر کام تیز کر دیا ۔ پنجاب بھر کے کالجزسے اضافی سٹاف کا مکمل ڈیٹا طلب کر لیا گیا۔ اس ضمن میں تمام اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ منظور شدہ اور تعینات شدہ سٹاف کی مکمل تفصیلات فراہم کریں تاکہ زائد اسامیوں کی درست نشاندہی کی جا سکے ۔حکام کے مطابق ریشنلائزیشن عمل کو مؤثر بنانے کیلئے کالجز سے تجاویز بھی طلب کی گئی ہیں جبکہ نان ٹیچنگ (کلریکل)سٹاف کا مکمل ریکارڈ بھی جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ کلریکل عملے کی پوسٹنگ، مدتِ ملازمت اور تعیناتی کی تفصیلات فراہم کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔مزید برآں تمام کالجوں کو یکساں فارمیٹ میں ڈیٹا 7 ورکنگ ڈیز کے اندر جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ ڈویژن کی سطح پر کنسولیڈیٹڈ رپورٹس تیار کی جا سکیں۔ ریشنلائزیشن کو اعلیٰ ترجیح دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا گیاہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں