اربوں کی سرکاری اراضی سے ایل ڈی اے برسوں لاعلم
جوہر ٹاؤن میں ریکارڈ سفٹنگ ، ڈیجیٹلائزیشن کے دوران حیران کن انکشاف
لاہور (شیخ زین العابدین)جوہر ٹاؤن میں اربوں روپے مالیت کی سرکاری زمین پر قبضے کا بڑا سکینڈل سامنے آ گیا ہے ۔لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی ریکارڈ سفٹنگ کے دوران 900 کنال اراضی کا انکشاف ہوا، جو برسوں تک نظروں سے اوجھل رہی۔قبضہ مافیا قیمتی زمین پر سرگرم رہا اور ادارہ طویل عرصے تک لاعلم دکھائی دیا۔اب اربوں کی یہ زمین واپس لے کر نیلامی کی تیاری شروع کر دی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق لاہور میں سرکاری اراضی کے تحفظ پر ایک بڑا سوال اس وقت کھڑا ہو گیا جب جوہر ٹاؤن میں ریکارڈ کی سفٹنگ اور ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کے دوران ایک حیران کن انکشاف سامنے آیا۔لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی 22 ہزار فائلوں میں سے 16 ہزار فائلوں کی سفٹنگ کے دوران تقریباً 900 کنال سرکاری زمین کا سراغ ملا۔