کفایت شعاری : سرکاری ہسپتال شدید مالی بحران کا شکا ر
بجٹ میں بھاری کٹوتی ،ہسپتالوں کو فنڈز کی مرحلہ وار فراہمی جاری :وزیر صحت
لاہور ( بلال چودھری ) حکومتی کفایت شعاری پروگرام نے صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں کو شدید مالی بحران میں مبتلا کر دیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے آخری کوارٹر میں ہسپتالوں کے بجٹ میں بھاری کٹوتی کی گئی ہے اور متعدد اداروں کو مکمل فنڈز کے بجائے صرف چوتھا حصہ جاری کیا گیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گنگا رام ہسپتال نے 70 کروڑ روپے کے بجٹ کی درخواست کی تھی تاہم اسے صرف 1 کروڑ 20 لاکھ روپے جاری کیے گئے ، جو ہسپتال کی ضروریات کے مقابلے میں انتہائی کم ہیں۔
اسی طرح سروسز ہسپتال، میو ہسپتال، جناح ہسپتال، لاہور جنرل ہسپتال اور چلڈرن ہسپتال سمیت دیگر بڑے سرکاری ہسپتال بھی فنڈز کی کمی کے باعث مشکلات کا شکار ہیں۔ فنڈز کی قلت کے باعث ہسپتالوں میں ادویات اور سرجیکل سامان کی شدید کمی پیدا ہو چکی ہے ، جبکہ مریضوں کو ضروری ادویات اور آپریشن کا سامان بازار سے خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے ۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں کو فنڈز کی مرحلہ وار فراہمی جاری ہے اور تمام اداروں کو ضروری وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ مریضوں کو علاج کی سہولیات میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔