جمعیت کا طلبہ یونینز بحالی کیلئے ملک گیر تحریک چلانے کااعلان
حکمران نہیں چاہتے، نوجوانوں کے ہاتھ میں اختیار آئے :ناظم اعلیٰ وسیم حیدر
لاہور (خبرنگار )ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا ہے کہ جمعیت طلبہ یونینز کی بحالی کیلئے جلد ملک گیر تحریک شروع کرے گی۔ طلبہ یونین اور بلدیاتی ادارے جمہوریت کی بنیاد ہیں۔ تعلیمی اداروں میں طلبہ کے بنیادی، جمہوری اور آئینی حق پر پابندی افسوس ناک ہے ۔حکمران نہیں چاہتے کہ نوجوانوں کے ہاتھ میں اختیار آئے ۔ انہیں طلبہ کی طاقت سے خوف محسوس ہوتا ہے ۔
جمعیت پنجاب کے تنظیمی دورے پر ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان میں جمہوریت کا تصور چند مخصوص خاندانوں کے گرد گھوم رہا ہے ، اقتدار کو ذاتی مفادات کے تحت برقرار رکھا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کی اجارہ داری تب ختم ہو جائے گی جب نچلی سطح سے حقیقی لیڈر سامنے آئیں گے ۔ جہاں حقیقی جمہوریت قائم ہو، وہاں عام اور متوسط طبقہ آگے بڑھ کر نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔