اے ای اوزکو حاضری ،سو فیصد وزٹس یقینی بنانے کی ہدایت

اے ای اوزکو حاضری ،سو فیصد وزٹس یقینی بنانے کی ہدایت

سکولزکی مانیٹرنگ کانظام مؤثر بنانے کیلئے سخت اقدامات شروع کر دیئے گئے

لاہور(خبر نگار)محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے سکولوں کی مانیٹرنگ سخت کرتے ہوئے اسسٹنٹ ایجوکیشن افسروں (اے ای اوز) کو مکمل حاضری اور سو فیصد وزٹس یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ۔ بعض اضلاع میں مقررہ تعداد میں سکول وزٹس نہ ہونے کا انکشاف ہونے پرمحکمہ نے فوری عملدرآمد کا حکم دیدیا۔ذرائع کے مطابق ماہانہ مانیٹرنگ ایپ کو فعال کرکے تمام اے ای اوز کے لاگ اِن بھی تیار کر لیے گئے ہیں۔ محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ اے ای اوز کی کارکردگی کا جائزہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کی رپورٹنگ کی بنیاد پر لیا جائے گا۔محکمہ تعلیم کے مطابق مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن اسسٹنٹس (ایم ای ایز)کی رپورٹس کو تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن تصور کیا جائے گا تاکہ مانیٹرنگ کے نظام میں شفافیت لائی جا سکے ۔حکام نے ہر اے ای او کو اپنے مرکز کے تمام پرائمری اور ایلیمنٹری اسکولوں کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ہر سکول کا ماہ میں کم از کم دو مرتبہ وزٹ لازمی کیا جائے ۔محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ اے ای اوز کی جگہ پی ایس ٹیز اور ای ایس ٹیز کے سکول وزٹس پر مکمل پابندی ہوگی اور صرف متعلقہ افسر ہی مانیٹرنگ کے مجاز ہونگے ۔تعلیمی حکام کا کہنا ہے کہ سکول مانیٹرنگ نظام کو مؤثر بنانے اور تعلیمی معیار بہتر کرنے کیلئے سخت اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں غفلت برتنے والے افسروں کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں