میٹرو بس انفراسٹرکچر بحالی‘2ارب10کروڑ طلب
محکمہ ٹرانسپورٹ کا بحالی منصوبہ تیار ،فنڈزکوسہولیات بحالی پرخرچ کیاجائیگا
لاہور (شیخ زین العابدین)میٹرو بس سروس کا انفراسٹرکچر خستہ حالی کی تصویر بن گیا۔شاہدرہ سے گجومتہ تک میٹرو بس کوریڈور متاثر ،محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے میٹرو بس انفراسٹرکچر کی بحالی اور ری ماڈلنگ کیلئے دو ارب10کروڑ سے زائد فنڈز مانگ لیے ۔ کئی برسوں سے جامع اوورہالنگ نہ ہونے پرمیٹرو بس کے سٹیشنز پر نصب پنکھے ، لائٹس، ایئر کنڈیشنرز، فینسنگ اور فرش ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکے ہیں ۔ کئی مقامات پر یوٹیلیٹیز مکمل ناکارہ ہو جانے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔میٹرو سٹیشنز کی چھتوں اور شیڈز سے پانی ٹپکنا معمول بن چکا ہے ،کئی سٹیشنز پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کیلئے کھڑا رہنا بھی دشوار ہو جاتا ہے ۔ بعض مقامات پر میٹرو بس ٹریک بھی خستہ حالی کاشکار ہے ۔محکمہ ٹرانسپورٹ نے میٹرو سروس کی ری ماڈلنگ اور بحالی کیلئے منصوبہ تیار کر لیا اورمنصوبے کیلئے دو ارب10کروڑ 50 لاکھ کے فنڈز طلب کرکے اسے آئندہ مالی سال 2026-27کے بجٹ میں شامل کرنے کی سفارش بھی کر دی ۔ فنڈز کوسٹیشنز کی مرمت، اپ گریڈیشن اور سہولیات بحالی پرخرچ کیاجائیگا۔