شہر میں جعلی کرنسی سپلائی کرنیوالا نیٹ ورک بے نقاب

شہر میں جعلی کرنسی سپلائی کرنیوالا نیٹ ورک بے نقاب

2 ملزم گرفتار،درہ آدم خیل سے جعلی کرنسی منگوانے ،مویشی خریدنے کا انکشافشہری نے بیٹی کے جہیز کیلئے بکرے فروخت کیے ،خریداری پرجعلسازی کی نشاندہی

لاہور(این این آئی)نشتر کالونی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی کرنسی سپلائی کرنے والے گروہ کا سراغ لگا کر 2 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق واقعہ اس وقت سامنے آیا جب ایک شہری نے اپنی بیٹی کے جہیز کیلئے بکرے فروخت کیے اور خریداری کے دوران دکاندار سے معلوم ہوا کہ اسے دیئے گئے نوٹ جعلی ہیں۔ متاثرہ شہری کی درخواست پر پولیس نے فوری قانونی کارروائی شروع کی۔ڈی آئی جی آپریشنز کے ترجمان کے مطابق جعلی کرنسی کے کاروبار میں ملوث ملزم ندیم اور اکرم کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم ملک ندیم 2013ء سے جعلی کرنسی کے دھندے میں ملوث تھا۔پولیس کے مطابق ملزم جعلی نوٹ درہ آدم خیل سے منگواتا تھا اور ایک کاٹن میں تقریباً 5لاکھ روپے مالیت کے جعلی نوٹ موجود ہوتے تھے ۔ ملزم ہر 15روز بعد 2سے 4کاٹن منگوانے کا اعتراف بھی کر چکا ہے ۔تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ ملزم مختلف مویشی منڈیوں، ڈیلرز اور فارم مالکان سے بکرے خرید کر جعلی رقم کو وائٹ کرتے تھے جبکہ بعد ازاں انہی جانوروں کو مختلف افراد کو فروخت کیا جاتا تھا۔پولیس نے ملزموں سے جعلی کرنسی سے خریدا گیا بکرا اور ایک گاڑی بھی برآمد کر لی ۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق ملزموں سے مزید تفتیش جاری ہے اور نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں