متبادل ادویات شعبے کیلئے خودمختار وزارت بنائی جائے :پام
حکومت سستے علاج ، انڈسٹری کی بقا کیلئے بیوروکریسی کے ناروا سلوک سے بچائے
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )پاکستان ایسوسی ایشن آف آلٹرنیٹو میڈیسن (پام)نے متبادل ادویات کے شعبے کو بیوروکریسی کے ناروا سلوک سے بچانے ، کروڑوں غریب مریضوں کے سستے علاج کے تحفظ اور انڈسٹری کی بقا کیلئے فوری طور پر خودمختار وفاقی وزارت کے قیام کا باقاعدہ مطالبہ کر دیا ہے ۔پام کے مرکزی میڈیا سیل سے جاری اعلامیہ کے مطابق پام کے صدر کاشف اسلم ملک نے کہا ہے کہ ہومیو پیتھک، طبِ یونانی اور نیوٹراسیوٹیکل (آلٹرنیٹو میڈیسن) کا شعبہ قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ، جو ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن جیسے اداروں کو لائسنسنگ اور پروڈکٹ رجسٹریشن کی مد میں سالانہ اربوں روپے کا بھاری ریونیو فراہم کرتا ہے ۔ لیکن بدلے میں اس صنعت کو صرف بلاجواز چھاپوں، ہراسگی اور بدنامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ایلوپیتھک مائنڈ سیٹ کے حامل بیوروکریٹس ہومیو پیتھک پوٹینسی اور جڑی بوٹیوں کے سائنسی طریقئہ کار سے بالکل نابلد ہیں جس سے یہ ملٹی اربن انڈسٹری تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے ۔انہوں نے کہاپڑوسی ملک بھارت نے 2014 میں اس شعبہ کی معاشی اہمیت کو بھانپتے ہوئے الگ وفاقی وزارت آئیوش(AYUSH) قائم کیجسکی بدولت ان کی ہربل برآمدات اربوں ڈالرز تک پہنچ گئیں۔ اسکے برعکس پاکستان میں پسماندہ قوانین کے ذریعے اس شعبے کا گلا گھونٹا جا رہا ہے ۔ وزیراعظم زرمبادلہ میں اضافے کیئے فوری وزارتِ متبادل ادویات (Ministry of TCAM) کے قیام کا اعلان کریں۔