عیدالاضحی پر ڈرائیونگ لائسنس دفاتر کھلے رکھنے کا فیصلہ
لبرٹی، گریٹر اقبال پارک، مناواں ، واپڈا ٹاؤن مراکز عید کے دنوں میں فعال رہیں گے
لاہور (کرائم رپورٹر)چیف ٹریفک آفیسر لاہور عبدالرحیم شیرازی کی جانب سے عیدالاضحی کے موقع پر شہریوں کی سہولت کیلئے اہم اقدام کیا گیا ہے ۔عوام کی آسانی کیلئے شہر کے مختلف ڈرائیونگ لائسنس دفاتر عید کے ایام میں بھی کھلے رہیں گے ۔ ان مراکز میں لبرٹی مارکیٹ، گریٹر اقبال پارک، مناواں اور واپڈا ٹاؤن خدمت مرکز شامل ہیں۔سی ٹی او کے مطابق شہری عید کے دوران بھی لائسنس سروسز سے استفادہ کر سکتے ہیں اور روزانہ ہزاروں شہریوں کو مختلف سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میرٹ اور عزت دارانہ طریقے سے لائسنس کا اجرا اولین ترجیح ہے جبکہ لائسنسنگ کے نظام میں شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے ۔سی ٹی او عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ شہریوں کو بہتر سہولت فراہم کرنا ٹریفک پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور اسی مقصد کیلئے دفاتر عید کے دنوں میں بھی فعال رکھے گئے ہیں۔