آئی جی کی زیرصدارت عیدپر صوبہ بھر کی سکیورٹی کا جائزہ

آئی جی کی زیرصدارت عیدپر صوبہ بھر کی سکیورٹی کا جائزہ

غیر ملکی شہریوں، مویشی منڈیوں اور اہم تنصیبات کی سکیورٹی سخت کرنے کی ہدایتفتنہ الخوارج و الہندوستان و دیگر ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے ، سرچ آپریشنز کا حکم

لاہور (کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب پولیس عبدالکریم کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس ہوا جس میں صوبہ بھر کی سکیورٹی صورتحال اور عیدالاضحٰی پر کیے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز اور متعلقہ پولیس افسروں نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی اور آئی جی کو سکیورٹی اقدامات بارے بریفنگ دی۔ آئی جی نے ہدایت کی کہ عید پر مساجد، عبادت گاہوں، مویشی منڈیوں، مارکیٹوں، اہم تنصیبات، سفارتخانوں اور حساس مقامات کی سکیورٹی ہائی الرٹ رکھی جائے ۔ چینی و دیگر غیر ملکی باشندوں، قونصل خانوں، رہائشگاہوں اور ورک پلیسز کی سکیورٹی مزید مؤثر بنائی جائے جبکہ انکی نقل و حرکت کے دوران بھی سخت حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ چینی و دیگرغیر ملکیوں کے سکیورٹی پروٹوکول کا ازسرنو جائزہ لیکر سکیورٹی آرڈر کو مزید مؤثر بنایا جائے ۔ انہوں نے آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ خود فیلڈ میں جا کر مساجد، عبادت گاہوں، اہم تنصیبات اور حساس مقامات کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں۔ عبدالکریم نے بین الصوبائی سرحدی پولیس چیک پوسٹوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی عمارات کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بین الصوبائی چوکیوں پر تعینات اہلکار انتہائی الرٹ ہو کر فرائض انجام دیں۔ آئی جی نے فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان اور دیگر ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت دیتے کہا کہ صوبہ بھر خصوصاً بین الصوبائی سرحدی علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں۔ سیف سٹیز کیمروں کی مدد سے مارکیٹوں، کاروباری مراکز، عبادت گاہوں اور دیگر حساس مقامات کی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی پر فوری کارروائی کی جا سکے ۔ اجلاس میں سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ ودیگرپولیس افسر موجود تھے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں