عید کے ایام میں ہر دروازے سے آلائشیں اٹھائی جائینگی
واسا ملازمین کی چھٹیاں منسوخ ، تینوں ایام مسلسل آپریشن یقینی بنایا جائیگا:بلال یاسین
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے واسا ہیڈکوارٹر میں عیدالاضحیٰ کی تیاریوں کے حوالے سے پریس کانفرنس کی۔ وائس چیئرمین واسا چودھری شہباز اور ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد بھی ہمراہ تھے ۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر تمام کابینہ اور افسر فیلڈ میں نظر آئیں گے ۔ عید کے تینوں ایام میں ہر دروازے سے آلائشیں اٹھائی جائینگی۔ گیس، بجلی اور پانی سپلائی کا تسلسل برقرار رہے گا۔ تمام واسا ملازمین کی چھٹیاں منسوخ ، تینوں ایام مسلسل آپریشن یقینی بنایا جائے گا۔ واسا آپریشنز کا آغاز نماز عیدالاضحیٰ کے بعد فیلڈ نگرانی سے ہوگا۔انہوں نے کہاایک سال میں 5واسا سے 41اضلاع میں واسا زکا قیام وزیر اعلیٰ کی مرہون منت ہے ۔ جرمانوں کا مقصد قانون پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے ۔ ایک سوال پر انکا کہنا تھا کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی مہمان نوازی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ کراچی اور پنجاب ایک کنبہ ہیں۔ میں اپنے ہی دوسرے شہر پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا۔ کالعدم تنظیموں پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے پر مکمل پابندی ہے ۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے کالعدم تنظیموں سے متعلق ہدایت نامہ جاری کردیا ہے ۔ بلال یاسین نے شہریوں سے گزارش کی ہے کہ پانی کا استعمال اعتدال سے کریں۔ نہر اور اوپن ڈرینز میں آلائشیں پھینکنے والوں کیخلاف سخت کارروائی یقینی بنائیں گے ۔