سکولوں میں امتحانات، من پسند طلبہ کو پاس کرانے کے الزامات

سکولوں میں امتحانات، من پسند طلبہ کو پاس کرانے کے الزامات

سکولوں سے منگوائے گئے 25فیصد حل شدہ پرچوں کے کئی بنڈلز نامکمل نکلےعید کی تعطیلات کے باعث تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن میں تاخیر ہوئی :پیکٹا حکام

لاہور(خبر نگار)سرکاری سکولوں کے سالانہ امتحانات کے نتائج اور شفافیت پر سوالات اٹھنے لگے ۔ مبینہ طور پر من پسند طلبہ کو پاس کرانے کے الزامات سامنے آئے ہیں جبکہ تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کا عمل بھی تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں سکول بیسڈ اسیسمنٹ کے تحت لیے گئے سالانہ امتحانات کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن میں تاخیر سامنے آ گئی۔ ذرائع کے مطابق سکولوں سے منگوائے گئے 25 فیصد حل شدہ پرچوں کے کئی بنڈلز نامکمل نکلے جس کے باعث جانچ کا عمل متاثر ہوا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض کیسز میں غیر حاضر طلبہ کی جگہ اگلے رول نمبر کے پرچے شامل کیے گئے ، جس کے بعد جانچ کے عمل کی شفافیت پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ تاہم ان دعوؤں پر متعلقہ حکام کی جانب سے باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔پیکٹا حکام کا کہنا ہے کہ عید تعطیلات کے باعث تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن میں تاخیر ہوئی تاہم یہ عمل آئندہ ایک ہفتے میں مکمل کر لیا جائے گا۔ حکام کے مطابق جانچ کا مقصد سکول بیسڈ اسیسمنٹ سسٹم کی شفافیت اور معیار کو یقینی بنانا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں