جعلی نمبر پلیٹس‘ 1323گاڑیوں ، موٹرسائیکلوں کیخلاف کارروائی
وہیکلز کو چالان ٹکٹس جاری ،بغیر نمبر پلیٹ کار چلانے پر تین ہزار جرمانہ :سی ٹی او
لاہور(کرائم رپورٹر)چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر غیر نمونہ، جعلی اور ٹیمپرڈ نمبر پلیٹس کے خلاف خصوصی مہم کے پہلے روز 1323 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق بغیر نمبر پلیٹ، غیر نمونہ نمبر پلیٹ اور اپلائیڈ فار گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 588وہیکلز کو چالان ٹکٹس جاری کیے گئے ۔ فینسی اور ایکسائز کے مقررہ نمونے کے برعکس نمبر پلیٹس لگانے پر 315موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی، جبکہ اگلی یا پچھلی بروکن نمبر پلیٹس اور گاڑی کا ماڈل چھپانے پر 420 وہیکلز کے خلاف کارروائی کی گئی۔ترجمان نے مزید بتایا کہ جعلی اور بغیر نمبر پلیٹس استعمال کرنے پر ڈیفنس سرکل میں دو مقدمات بھی درج کیے گئے ۔ مہم کے پہلے روز معمولی خلاف ورزیوں پر چار ہزار سے زائد موٹرسائیکل اور گاڑی مالکان کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی گئی۔اس حوالے سے سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ بغیر نمبر پلیٹ کار چلانے پر تین ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جاتا ہے ۔