مون سون سے قبل نئی کھدائی کی اجازت نہ دینے کافیصلہ
تعمیراتی مقامات پر حفاظتی اقدامات مزید سخت کئے جائیں گے :سیکرٹری ہاؤسنگ
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )مون سون سیزن سے قبل پنجاب حکومت نے لاہور سمیت صوبے بھر میں ترقیاتی منصوبوں اور شہری انفراسٹرکچر سے متعلق اہم اقدامات کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی جانب سے پنجاب کے تمام واساز کو اس حوالے سے باقاعدہ احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ مون سون سے قبل لاہور سمیت پنجاب بھر میں کسی بھی نئی کھدائی کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ پہلے سے جاری ترقیاتی منصوبوں کے وہ تمام حصے جہاں کھدائی کا عمل جاری ہے ۔دوسری جانب قیمتی بارشی پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے انڈرگراؤنڈ واٹر ٹینکس کو جلد فعال کرنے کی تیاریاں بھی تیز کر دی گئی ہیں۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے مون سون سے قبل لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ٹو کے تمام ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کی بھی ہدایت جاری کر دی ہے ۔شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تعمیراتی مقامات پر حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ تعمیراتی سائٹس پر آگاہی بورڈز، وارننگ سائنز اور دیگر حفاظتی انتظامات نمایاں انداز میں آویزاں کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے ۔