آئندہ سال صحت کارڈ پروگرام کیلئے 11ارب روپے مختص
صحت کارڈ پروگرام کو مرحلہ وار مزید مؤثر اور پائیدار بنایا جا رہا ہے :وزیر صحت
لاہور (بلال چودھری )پنجاب حکومت نے مالی سال 2026/27 میں صحت کارڈ پروگرام کے لیے 11 ارب روپے مختص کر دیے ۔ صحت کارڈ پروگرام پنجاب بھر کے نجی ہسپتالوں میں فعال رہے گا، تاہم نئے مالی سال میں نجی ہسپتالوں میں علاج کے اخراجات کا 50 فیصد صحت کارڈ پروگرام سے ادا ہوگا جبکہ باقی 50 فیصد رقم مریض خود ادا کرے گا۔صحت کارڈ کے تحت میڈیکل، سرجیکل، گائنی، ڈائلیسز اور کینسر سمیت متعدد بیماریوں کا علاج شامل ہے ۔ گردوں کے مریضوں کے لیے ڈائلیسز اور کینسر کے مریضوں کے لیے مہنگے علاج کی سہولت بھی صحت کارڈ کے دائرہ کار میں برقرار رکھی گئی ہے ۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ محدود مالی وسائل کے باوجود عوام کو علاج کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ صحت کارڈ پروگرام کو مرحلہ وار مزید مؤثر اور پائیدار بنایا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق مریض مستفید ہو سکیں۔صحت کارڈ پروگرام میں شفافیت، مالی نظم و ضبط اور علاج کی معیاری سہولیات کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔