کالجز میں ایم ڈی کیٹ کی مفت تیاری کیلئے کلاسز کا شیڈول
رجسٹریشن کا عمل بھی شروع،کلاسز کا باقاعدہ آغاز 29جون سے ہوگا
لاہور(خبر نگار) محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے میڈیکل کالجز میں داخلے کے خواہشمند طلبہ کے لیے بڑا اقدام کرتے ہوئے صوبہ بھر کے سرکاری کالجز میں ایم ڈی کیٹ کی مفت تیاری کے لیے خصوصی کلاسز کا شیڈول جاری کر دیا ہے ۔ پروگرام کے تحت کلاسز کا باقاعدہ آغاز 29 جون سے ہوگا۔ لاہور سمیت پنجاب کے 54 سے زائد سرکاری کالجز میں ایم ڈی کیٹ امیدواروں کو ایک ماہ تک مفت کوچنگ فراہم کی جائے گی، جبکہ طلبہ کی رجسٹریشن کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے ۔پروگرام کے تحت ماہر اساتذہ طلبہ کو فزکس، کیمسٹری، بائیولوجی، انگلش اور لاجیکل ریزننگ سمیت تمام اہم مضامین کی تیاری کرائیں گے ۔ اس کے علاوہ امتحانی حکمت عملی، وقت کے مؤثر استعمال اور سوالات حل کرنے کی تکنیک پر بھی خصوصی رہنمائی دی جائے گی۔حکام کے مطابق ایم ڈی کیٹ امیدواروں کے لیے خصوصی لیکچرز، ماڈل ٹیسٹ اور پریکٹس سیشنز کا بھی انعقاد کیا جائے گا تاکہ طلبہ کو معیاری اور مفت تعلیمی سہولت میسر آ سکے اور وہ انٹری ٹیسٹ کی بہتر انداز میں تیاری کر سکیں۔پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کا مقصد سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ کو یکساں مواقع فراہم کرنا اور زیادہ سے زیادہ امیدواروں کو میڈیکل کالجز میں داخلے کے لیے مؤثر تیاری کا موقع دینا ہے ۔