ڈی ایس ریلوے کی کچہری ،ملازمین،عوامی شکایات کا ازالہ

ڈی ایس ریلوے کی کچہری ،ملازمین،عوامی شکایات کا ازالہ

زیر التوا شکایات کے ازالے کیلئے فوری عملی اقدامات کیے جائیں:انعام اللہ

لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے )ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور انعام اللہ نے کھلی وای کچہری کا انعقاد کیا ۔ریلوے ملازمین اور عوامی شکایات کا ازالہ کیا گیا۔ علامہ اقبال ایکسپریس میں اے سی کلاس کوچوں کے اضافے ،مریدکے اور کامونکے ریلوے سٹیشنز پر ٹرین سٹاپ اور سہولیات میں بہتری کے حوالے سے مطالبات پیش کیے گئے ۔ ویلفیئر گرانٹ، پنشن ادائیگی، ٹی ایل اے نوکری پر بحالی، لاہور گارڈز رننگ روم میں واٹر کولرز فراہمی، ملازمین کی ٹرانسفر و پوسٹنگ، کوارٹرز کی الاٹمنٹ و قبضہ سمیت مختلف نوعیت کی شکایات بھی سنی گئیں۔ریلوے کالونی میں غیر قانونی رہائش کی شکایت پر ڈی ایس نے سرچ آپریشن کے احکامات جاری کیے ۔ کوارٹرز کی الاٹمنٹ پر واضح کیا کہ صرف مجاز اتھارٹی کی جاری کردہ الاٹمنٹ کو قانونی حیثیت حاصل ہوگی ۔ڈی ایس نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ زیر التوا شکایات کے ازالے کیلئے فوری عملی اقدامات کیے جائیں۔اس موقع پرمتعدد شکایات کا موقع پر ہی ازالہ کر دیا گیا ۔اس موقع پر ڈویژنل پرسانل آفیسر رضا حسین ودیگر افسر اور عملہ بھی موجود تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں