ایف پی سی سی آئی،سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ میں ایم او یوپر دستخط
ہنر مند افرادی قوت، روزگار کے مواقع کیلئے تربیت دی جائیگی :عاطف شیخ
لاہور (کامرس رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی اور پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے درمیان ایم او یو پر دستخط، صنعت، ہنرمندی اور روزگار کے فروغ کیلئے اہم پیشرفت ہے ۔ یہ معاہدہ ملکی صنعت، ہنرمندی اور روزگار کے فروغ کی جانب اہم سنگِ میل ہے ، جو نجی شعبے اور حکومتی اداروں میں مؤثر تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا۔ دونوں اداروں کے درمیان صنعت کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت کی تیاری، روزگار کے مواقع اور مارکیٹ سے ہم آہنگ تربیتی نظام کے قیام کیلئے مفاہمتی یادداشت پر ریجنل چیئرمین و نائب صدر ایف پی سی سی آئی ذکی اعجاز اور پی ایس ڈی ایف کی جانب سے سی ای او احمد خان نے دستخط کئے ۔اس موقع پر ذکی اعجاز نے کہا ایف پی سی سی آئی نوجوانوں کو صرف تربیت یافتہ نہیں بلکہ باعزت روزگار سے منسلک دیکھنا چاہتی ہے تاکہ وہ قومی معیشت کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ احمد خان نے کہا انڈسٹری کی ڈیمانڈ کے مطابق مین پاور تیار کرکے انڈسٹری کو دیناہماری ترجیح ہے ۔ایف پی سی سی آئی اور باقی ٹریڈ باڈیز کی تجاویز پر ڈیمانڈ کے مطابق پروگرامز تیار کر کے دینگے ۔ ویلیو ایڈیشن اور ایکسپورٹ کیلئے انڈسٹری اور زراعت کی پوری معاونت کی جائیگی۔