پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلیوں کی تجویز
تقرریاں یونیورسٹی سنڈیکیٹ کے بجائے سرچ کمیٹی کی سفارشات پر ہوں گی
لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب حکومت نے پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے انتظامی ڈھانچے میں اہم تبدیلیاں کرنے کی تجویز پیش کردی ہے ، جس کے تحت سرکاری جامعات میں رجسٹرار، خزانچی اور کنٹرولر امتحانات کی تقرریاں یونیورسٹی سنڈیکیٹ کے بجائے حکومت پنجاب سرچ کمیٹی کی سفارشات پر کرے گی۔ پبلک سیکٹر یونیورسٹیز (دوسری ترمیم) ایکٹ 2026 کا مسودہ پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہائر ایجوکیشن کو موصول ہوگیا ہے ، جبکہ بل گزشتہ اجلاس میں پنجاب اسمبلی میں پیش کیا گیا تھا۔ مجوزہ قانون کے مطابق مذکورہ تینوں اہم انتظامی عہدوں کے لیے سرچ کمیٹی تشکیل دینے کا طریقہ کار بھی قانون میں شامل کیا گیا ہے ۔ موجودہ طریقہ کار کے تحت ان عہدوں پر تقرری کی ذمہ داری یونیورسٹی سنڈیکیٹ کے پاس تھی۔ مسودے کے مطابق رجسٹرار، خزانچی یا کنٹرولر امتحانات کا عہدہ خالی ہونے کی صورت میں عارضی تعیناتی بھی کی جاسکے گی، تاہم عارضی طور پر تعینات افسر کی مدت چھ ماہ سے زیادہ نہیں ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments