انسدا آلودگی :جدید ایمیشن ٹیسٹنگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ
ڈیجیٹل ریکارڈ کے ذریعے گاڑیوں کے اخراج کا جامع ڈیٹا بیس تشکیل دیا جائے گا
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور ٹریفک پولیس نے گاڑیوں کے دھوئیں اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے جدید ایمیشن ٹیسٹنگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے 20 جدید ایمیشن اینالائزرز پر مشتمل 90 روزہ پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کی سفارش کر دی۔پائلٹ پراجیکٹ کے تحت اوپیسٹی میٹرز، ڈیزل اور پٹرول/سی این جی گیس اینالائزرز کے ذریعے گاڑیوں کے دھوئیں اور ایگزاسٹ گیسز کی سائنسی بنیادوں پر جانچ کی جائے گی۔ پٹرول و سی این جی گاڑیوں، رکشوں اور قابلِ اطلاق موٹر سائیکلوں کی گیسز جبکہ ڈیزل گاڑیوں، بسوں، ٹرکوں اور ہیوی ٹرانسپورٹ کے دھوئیں کی شدت جانچی جائے گی۔سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق ایمیشن ٹیسٹ کے نتائج کو گاڑی کے رجسٹریشن نمبر، مقام، وقت اور آپریٹر کی تفصیلات سے منسلک کیا جائے گا، جبکہ اے این پی آر اور ڈیجیٹل ریکارڈ کے ذریعے گاڑیوں کے اخراج کا جامع ڈیٹا بیس تشکیل دیا جائے گا۔ ہر ٹیسٹ کا محفوظ اور قابلِ آڈٹ ڈیجیٹل ریکارڈ بھی مرتب کرنے کی تجویز ہے ۔پراجیکٹ میں ایمیشن ٹیسٹ میں ناکام ہونے والی گاڑیوں کی مرمت کے بعد دوبارہ ٹیسٹ کرنے کا نظام بھی شامل ہوگا۔ 90روزہ پائلٹ کے دوران مختلف اقسام کی گاڑیوں پر جدید آلات کی کارکردگی جانچی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments