ناہموار شاہر ا ہوں کے باعث بارشی پانی کانکاس متاثر
کیرج ویز، سروس روڈز، واک ویزاور عمارتوں کے پلنتھ لیولز ریکارڈ ، گڑھوں، خراب مین ہولز، پانی جمع کے مقامات کی نشاندہی سروس لینز کا نچلا لیول بارش کے پانی کے جمع ہونے کی ایک اہم وجہ قرار ،مستقل حل کیلئے یکساں روڈ لیول پالیسی کی سفارش
لاہور ( شیخ زین العابدین )لاہور میں سڑکوں کے غیر مساوی لیول اور نکاسی آب کے مسائل کے مستقل حل کیلئے یکساں روڈ لیول پالیسی کی سفارش کردی گئی۔ٹیپا کے جی پی ایس بیسڈ سروے میں اہم شاہراہوں کے کیرج ویز، سروس روڈز، واک ویز، گرین بیلٹس اور عمارتوں کے پلنتھ لیولز ریکارڈ کرلئے گئے ۔سروے میں گڑھوں، خراب مین ہولز، پانی جمع ہونے والے مقامات اور سٹورم واٹر ان لیٹس کے مسائل کی نشاندہی کے بعد متعلقہ اداروں کو اصلاحات کی سفارشات بھی دے دی گئیں۔ اس ضمن میں سمری بھی وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کر دی گئی ۔ دستاویزات کے مطابق لاہور کی سڑکوں کے مختلف لیولز شہریوں کیلئے مشکلات پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ بارش کے پانی کی نکاسی کا نظام بھی متاثر کر رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق بلند سطح پر تعمیر کی گئی مرکزی شاہراہوں کے ساتھ ملحقہ گلیوں اور سروس لینز کا نچلا لیول بارش کے پانی کے جمع ہونے کی ایک اہم وجہ بن رہا ہے ۔
گرین بیلٹس کے بلند لیول اور متعدد مقامات پر سٹورم واٹر ان لیٹس کے بند یا چوک ہونے کی بھی نشاندہی کی گئی ہے ، جس کے باعث بارشی پانی کے فوری اخراج میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے ۔ سروے میں غیر منظم پلاٹوں اور عمارتوں کے مختلف پلنتھ لیولز کو بھی مسئلے کی ایک وجہ قرار دیتے ہوئے نشاندہی کی گئی کہ نچلی سطح پر موجود عمارتوں میں بارش کا پانی داخل ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ۔ٹیپا نے شہر کے روڈ انفراسٹرکچر کو برقرار رکھنے کیلئے تمام محکموں اور اداروں کو سڑکوں کے یکساں لیول برقرار رکھنے کا پابند بنانے کی سفارش کی ہے ۔رپورٹ میں یوٹیلیٹی سروسز کی تنصیب اور مرمت کیلئے بار بار سڑکوں کی کٹائی کو بھی روڈ انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانے والا عنصر قرار دیا گیا ہے ۔شہر میں مستقبل کے روڈ انفراسٹرکچر کو ایک ہی معیار کے تحت رکھنے کیلئے ٹیپا رولز کی منظوری کی سفارش بھی کی گئی ہے ۔مجوزہ نظام کو صرف لاہور تک محدود رکھنے کے بجائے پنجاب کی دیگر ڈویلپمنٹ اتھارٹیز میں بھی ٹیپا کے قیام اور یکساں قواعد نافذ کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments