جے یوآئی کی جامعہ قاسمیہ شاہدرہ میں ختم نبوت کانفرنس
مولانا فضل الرحمن قومی مزاحمت ، رواداری کی اعلیٰ مثال:مولانا امجد،نصیر احرار
لاہور (سیاسی نمائندہ)مدارس کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ،مدارس نے ہمیشہ اسلام کے احیاء اور اسکی اشاعت اور اسلام کے پیغام محبت کو عام کرنے اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اور پاکستان کی سلامتی کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے ۔بعض لوگ اپنی نوکریاں پکی کرنے کیلئے مدارس کیخلاف منفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے کاوشیں جاری رہیں گی۔ یہ باتیں جمعیت علماء اسلام کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل و امیر پنجاب مولانا امجد خان نے میڈیا کے نمائندوں اورجامعہ قاسمیہ شاہدرہ میں جے یوآئی کے زیراہتمام ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ حافظ نصیر احرار،مولانا عبد الجبار سلفی ،حافظ غضنفر عزیز،مولانا حافظ اشرف گجر،حافظ عبد الرحمن، مولانا شبیر عثمانی،قاری نذیر،مولانا قاسم ،قاری اسلم چنیوٹی،جمال عبدالناصر قاری سلمان حبیب اور دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا ۔دریں اثنا امیر جے یو آئی پنجاب مولانا امجد خان اور سیکرٹری جنرل حافظ نصیر احرار نے مشترکہ بیان میں کہاہے کہ مولانا فضل الرحمن بیک وقت قومی مزاحمت اور سیاسی رواداری کی اعلیٰ مثال ہیں،ہمارے خلاف منفی پروپیگنڈہ دہشت گرد گروہوں کو تقویت دینے کے مترادف ہے ،جے یو آئی قومی سیاسی و دینی جماعت ہے جسے قوم کے بہت بڑے طبقے کا اعتماد حاصل ہے ، جے یو آئی نے ہمیشہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر جدوجہد کی۔ جے یو آئی نے ہی ہمیشہ مسلح گروہوں کے بیانیہ کا شرعی دلائل کی روشنی میں مقابلہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments