یونیورسٹی آف لاہور : علامہ اقبالؒ کے پوتے کی کتاب کی رونمائی
یونیورسٹی آف لاہور : علامہ اقبالؒ کے پوتے کی کتاب کی رونمائی بریگیڈیئر (ر)وحید الزماں،ڈاکٹر مظفر عباس ، آزاد اقبال ودیگرکا اظہار خیال
لاہور(خبر نگار)یومِ اقبال پریونیورسٹی آف لاہور میں علامہ اقبال ؒکے پوتے آزاد اقبال کی خودنوشت \"بیانڈ اقبال: اے جرنی تھرو ٹائم: اے گرینڈسنز اوڈیسی\"کی تقریبِ رونمائی ہوئی۔ ممتاز ماہرینِ تعلیم، ادبی شخصیات اور اقبال خاندان کے افراد نے شرکت کی جن میں چیئرمین بورڈ آف گورنرز یو او ایل اویس رؤف، سینیٹر ولید اقبال، بریگیڈیئر (ر)وحید الزماں طارق، ڈاکٹر مظفر عباس، ڈاکٹر بصیرہ عنبرین، ڈاکٹر رمضان طاہر، ڈاکٹر ساجد اور ڈاکٹر یوسف شاہد شامل تھے ۔ اویس رؤف نے اپنی جامعاتی زندگی کے دوران اقبال کی تحریروں سے اپنی پہلی شناسائی کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا اقبال کا فلسفہ آج پہلے سے کہیں زیادہ بامعنی ہے۔ اور عصرِ حاضر کے چیلنجز کے تناظر میں انکے افکار پر ازسرِنو غور کرنے کی ضرورت ہے ۔ آزاد اقبال نے کہا ہر فرد کا سفرِ حیات منفرد داستان ہوتا ہے ۔ اپنے قانونی کیریئر پر روشنی ڈالتے انہوں نے بتایا کہ اس نے انہیں مختلف ممالک تک پہنچایا، تہذیبوں کے مشاہدے نے ان میں عاجزی پیدا کی۔ نوجوان نسل کو نصیحت کرتے انہوں نے کہا کہ بڑے خواب دیکھیں، دیانتداری سے محنت کریں ۔ وحید الزماں طارق نے آزاد اقبال کی شعر و موسیقی سے ابتدائی رغبت کا ذکر کیا اور کہا کہ ان اثرات نے انکی شخصیت اور شعری سفر کی تشکیل میں نمایاں کردار ادا کیا۔مہمانِ خصوصی ڈاکٹر مظفر عباس، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف اسلامک کلچر لاہور نے کہا کہ کتاب اس سوال کا احاطہ کرتی ہے کہ اقبال جیسے عظیم نام کیساتھ زندگی گزارنا کیا معنی رکھتا ہے ۔ کتاب اقبال کے افکار کو زندہ فکری و فلسفیانہ روایت کے طور پر پیش کرتی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments