علامہ اقبالؒ کے افکار کومشعلِ راہ بناناہوگا:تنظیمات اہلسنت
علامہ اقبالؒ کے افکار کومشعلِ راہ بناناہوگا:تنظیمات اہلسنت امتِ مسلمہ کااتحاد، خودداری اور عمل کا راستہ اختیار کرے :حامد سعید کاظمی
لاہور (سیاسی نمائندہ)تنظیمات اہلسنت کے سربراہ،سابق وفاقی وزیر صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی،سرپرستِ اعلیٰ پیر میاں عبدالخالق القادری، کنوونئیر پیر امین قادری، مرکزی ترجمان اکرم رضوی،میڈیا کوآرڈینیٹر سید احسان گیلانی اور دیگر نے مشترکہ بیان میں مفکرِ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے کہا ہے کہ علامہ اقبالؒ کی شاعری،فکر و فلسفہ اور پیغامِ خودی آج بھی ملتِ اسلامیہ کیلئے مشعلِ راہ ہے ۔ امتِ مسلمہ کااتحاد، خودداری اور عمل کا راستہ اختیار کرے ۔ اقبالؒ نے اپنی فکر و شاعری کے ذریعے مسلمانوں میں خودداری، غیرتِ ایمانی، عشقِ رسول ؐ، اتحادِ امت اور احیائے اسلام کا جذبہ بیدار کیا اور نوجوان نسل کو بلند مقاصد کے حصول کیلئے مسلسل جدوجہد کا درس دیا۔ علامہ اقبالؒ کا تصورِ خودی محض انفرادی ترقی کا فلسفہ نہیں بلکہ خوددار، باوقار، باعمل اور باکردار قوم کی تشکیل کا پیغام ہے ۔ اقبالؒ نوجوانوں کو شاہین کی بلند پروازی، خود اعتمادی، علم و تحقیق اور مسلسل محنت کی ترغیب دیتے رہے ۔آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اقبالؒ کے افکار کو صرف تقریبات اور تقاریر تک محدود رکھنے کی بجائے اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی کا حصہ بنائیں۔ اقبالؒ کی فکر کا بنیادی سرچشمہ قرآن و سنت اور عشقِ مصطفیٰ ؐ ہے ۔ انکے نزدیک مسلمان کی حقیقی پہچان اسکا مضبوط ایمان، بلند کردار، خودی اور اتباعِ رسول ؐہے ۔ اقبالؒ نے نوجوانوں کو غلامانہ ذہنیت سے نکل کر اپنی تہذیبی و دینی شناخت برقرار رکھنے اور علم و عمل کے ذریعے دنیا میں اپنا مقام پیدا کرنے کا پیغام دیا۔انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو علامہ اقبالؒ کی تعلیمات سے روشناس کرانے کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ آج اگر ہم ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا شروع کر دیں تو مسائل سے نجات ممکن ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments